نئی دہلی،7؍جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی) برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے اپنا دورہ ہندوستان منسوخ کردیا ہے- بورس جانسن رواں سال یوم جمہوریہ کے موقع پر مہمان خصوصی تھے- بورس نے نئے کورونا کی وجہ سے اپنا دورہ ہندوستان منسوخ کردیا ہے-
بورس کے فیصلے کے بعد معلوم ہوا ہے کہ اس سال یوم جمہوریہ کی تقریبات میں کسی بھی مہمان کو نہیں بلایا جائے گا-یہ چوتھا موقع ہوگا جب ہندوستان کے یوم جمہوریہ کی تقریبات میں کوئی مہمان خصوصی شریک نہیں ہوگا- اس سے پہلے 1952، 1953 اور 1966 میں ایسا ہوچکا ہے- اسی دوران بہت سے مواقع آئے جب دو، دو مہمان بھی ملک کی یوم جمہوریہ کی تقریبات میں شریک ہوئے- 1956، 1968 اور 1974 میں دو،دو مہمان خصوصی شریک ہوئے-سال 2018 میں 10 ایشیائی ممالک نے یوم جمہوریہ کی تقریبات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی- یہ پہلا موقع تھا جب اتنے ممالک کے سربراہوں نے 26 جنوری کی پریڈ میں حصہ لیا تھا-بورس نے اپنے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے -
انہوں نے وزیر اعظم مودی سے بات کی اور ہندوستان نہ آنے پر افسوس کا اظہار کیا- وزیر اعظم سے گفتگو کرتے ہوئے جانسن نے کہا کہ برطانیہ میں جس تیزی سے نیا کورونا وائرس پھیل رہا ہے، ان کیلئے برطانیہ میں رہنا ضروری ہے، تاکہ وہ اس وائرس سے متعلق ملکی ردعمل پر توجہ مرکوز کرسکیں -26 جنوری کو برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کوبطور مہمان خصوصی ہندوستان کے یوم جمہوریہ کی تقریبات میں شریک ہوناتھا، لیکن اب ان کا یہ پروگرام منسوخ کردیا گیا ہے- دراصل نئے کورونا کی وجہ سے برطانیہ میں ایک بار پھر لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے- بورس جانسن نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ صورتحال بہتر ہونے پر وہ رواں سال ہندوستان کا دورہ کریں گے-